• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثقافتی سفارتکاری بہت بڑا ہنر ہے، وزیراعلیٰ سندھ


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ثقافتی سفارتکاری ایک بہت بڑا ہنر ہے، اس سے لوگ ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جنگ اور جیو ٹیلی ویژن کے اشتراک سے جاری 38 روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ کے 31ویں روز خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج اس پُر رونق تقریب میں میرا یہاں آپ کے درمیان ہونا، میرے لیے باعث سعادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لگن اور محبت سے ہر کام کو ممکن بنایا جاسکتاہے، کراچی میں 38 دنوں پر مشتمل یہ ایونٹ ایک طویل ترین فیسٹیول ہے۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ اس طرح کے فیسٹیول دنیا بھر کے لیے محبت کا پیغام ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں کے لوگ کس قدر حوصلہ افزاء تقریبات سے اُنس رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم امن پسند معاشرے کے باسی ہیں اور ہماری روایات میں انسان دوستی رچی بسی ہے، آج یہاں مختلف ثقافت و تہذیب سے وابستہ 43 ممالک کے لوگ یکجا ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ اتنے سارے مہمانوں کی شرکت یہ ثابت کرتی ہے کہ ہم محبت و دوستی پر یقین رکھتے ہیں، اس تقریب میں، میں نے بہت سی خوبصورت ثقافتوں کا ملاپ دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے جب دیگر ممالک سے آرٹسٹوں کو پاکستان میں لانے کی بات کی تو ایسا لگا کہ یہ ایک ادھورا خواب ہی رہے گا مگر اس خواب کو انہوں نے سچ کر دکھایا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ احمد شاہ کی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ آج یہاں اتنی بڑی تعداد میں لوگ آئے ہیں، میں اس عظیم کارنامے پر آرٹس کونسل پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیسٹیول میں نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کی ثقافت اور لوک ورثہ کو اجاگر کیا گیا، امید کرتا ہوں کہ آئندہ سال زیادہ سے زیادہ ممالک کے آرٹسٹ اس فیسٹیول کا حصہ بنیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور قومیں آپس میں باہم گھل مل رہی ہیں، اس طرح کے پروگرام ہمیں دنیا سے جوڑے رکھتے ہیں۔ ہم محبت، اختراع اور مہمان نوازی پر یقین رکھنے والی قوم ہیں، آج ہم دنیا کو یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہوئے کہ پاکستان محبت، امن اور رواداری کی سرزمین ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم سب ہی اس حسین سفر کے مسافر ہیں اور پاکستان کی خوبصورت تصویر دنیا بھر میں اجاگر کرتے رہیں گے، یہ فیسٹیول اس بات کی شہادت ہے کہ سندھ ایک عظیم ثقافت اور محبت کی سرزمین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسا نقشہ ماضی میں کراچی کا کھینچا گیا تھا وہ بہت ہی بھیانک تھا مگر اب اسے دوبارہ لکھنے کی ضرورت ہے، دنیا بھر سے بڑے آرٹسٹ ہماری مہمان نوازی اورثقافت کی تعریف کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس فیسٹیول نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ کراچی بہت سی خوبصورت ثقافتوں کا گلدستہ ہے، وفاقی حکومت کو بھی ان حوصلہ افزا پروگراموں میں دلچسپی لینی چاہیے جبکہ سندھ حکومت ہر طرح کا تعاون کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں سےدنیا کو پاکستان کے آرٹ کے شعبے سے دلچسپی اور اسکلز کا پتہ چلتا ہے، میں تمام آرٹسٹوں، اداکاروں، آرگنائزرز اور شراکت داروں کو اس تقریب کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید کرتا ہوں یہ فیسٹیول مستقبل میں مزید پروان چڑھے گا اور دور دراز سے لوگ اس میں حصہ لیتے رہیں گے۔

قومی خبریں سے مزید