• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر قومی اسمبلی کی روسی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر سے ملاقات

روسی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ---- فائل فوٹو
روسی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ---- فائل فوٹو

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے روسی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر سے ملاقات کی ہے۔

اسپیکر ایاز صادق نے روسی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو اور وفد کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک روس تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور دو طرفہ تعلقات و پارلیمانی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

ملاقات میں پاک روس پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے کنوینر عبد القادر پٹیل نے شرکت کی۔

اس موقع پر روسی اسپیکر نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کا عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ہے، روس پاکستان کی برکس میں شمولیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی ترقی، خوش حالی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، پارلیمانی سفارت کاری دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2017ء میں پہلی 6 ملکی اسپیکرز کانفرنسز اسلام آباد میں منعقد کرائیں، میری دعوت پر ترکیہ، چین، ایران، افغانستان، روس کے وفود نے خصوصی شرکت کی، پارلیمان میں رابطوں کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

ایاز صادق کا کہنا ہے کہ پارلیمانی روابط کے فروغ کے لیے فرینڈ شپ گروپس اہم فلیٹ فارمز ہیں۔

روسی اسپیکر نے دونوں ممالک کی پارلیمان میں رابطوں میں اضافے کی اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز کو بھی سراہا۔

اسپیکر فیڈریشن کونسل روس نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، نومبر میں پاکستانی پارلیمانی وفد کی آمد کے منتظر رہیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ روس کی طرف سے پاکستانی اسٹوڈنٹس کے لیے تعلیمی اسکالر شپس قابلِ تعریف ہیں۔

خیال رہے کہ روسی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو اپنے وفد کے ہمراہ 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئیں۔

قومی خبریں سے مزید