کیا آپ جانتے ہیں بھارتی فلم نگری میں پہلی بار فلم کا معاوضہ 1 کروڑ لینے والے اداکار کون ہے؟
بھارت کا یہ اداکار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان ، سلمان خان یا رجنی کانت نہیں ہے، اس کے مداح اسے امیتابھ بچن سے بھی بڑا مانتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 1992ء میں ساؤتھ فلم انڈسٹری کا یہ پہلا اسٹار تھا جو بھارت میں ایک فلم کا 1 کروڑ روپے وصول کرتا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 70 اور 80 کی دہائی کے بعد بھارتی فلم نگری کا سائز جیسے جیسے بڑا ہوتا گیا، ویسے ہی اداکاروں نے اپنے معاوضے میں اضافہ کیا۔
امیتابھ بچن 80 کی دہائی میں اپنے اسٹارڈم کے عروج پر تھے، انہوں نے اپنی فلم فیس 10 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کردی تھی لیکن اُن کا دور 90 کی دہائی میں ختم ہوگیا۔
بگ بی کے اس دور کو ایک غیر متوقع امیدوار نے ختم کیا وہ کوئی اور نہیں اپنے وقت کی ساؤتھ فلموں کے سپر اسٹار اور میگا اسٹار چرن جیوی ہیں۔
1992ءمیں چرن جیوی نے وی ویک میگزین کے سرورق پر جگہ بنائی، جس کی سرخی تھی ’بچن سے بھی بڑا‘، یہ وہ دور تھا جب کسی کو فلم دنیا میں امیتابھ بچن سے بڑا کہنا گستاخی سمجھی جاتی تھی۔
اس دوران میں جب امیتابھ بچن نے فلم خدا گواہ کے بعد اداکاری سے چھٹی لے لی تھی، اس دور میں چرن جیوی اپنی فلم کا معاوضہ 1 کروڑ 25 لاکھ روپے وصول کرتے تھے۔
یہ وہی دور تھا جب رجنی کانت، کمل ہاسن اور سنی دیول سمیت سبھی ایک فلم کے لیے 60 سے 80 لاکھ روپے چارج کیا کرتے تھے۔
ایک کروڑ کلب میں بعد ازاں کمل ہاسن آئے، ان کے بعد رجنی کانت اور پھر امیتابھ بچن نے 1996ء میں فلم کےلیے ایک کروڑ کا معاوضہ وصول کرنا شروع کیا، اسی برس سری دیوی وہ واحد خاتون اداکارہ تھیں، جس نے یہ معاوضہ لینا شروع کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ وہ دور تھا جب بھارتی سنیما کی معاشی سرگرمی بالکل بدل چکی تھیں،جس میں کاروبار کا سائز بہت بڑا ہوگیا تھا یہی وجہ تھا کہ اداکاروں نے بھی اپنی فیس بڑھادی تھی، نئی صدی شروع ہوئی تھی شاہ رخ ، سلمان خان اور عامر خان نے بھی ہر فلم کےلیے 2 سے 3 کروڑ لینا شروع کیے۔
اطلاعات ہیں کہ چرن جیوی آج بھی اپنی ایک فلم کےلیے 40 کروڑ سے زائد کی فیس وصول کرتے ہیں۔