ماہرین کا کہنا ہے کہ جو مچھر ڈینگی وائرس پھیلاتا ہے وہی چکن گونیا بھی پھیلاتا ہے، دونوں میں احتیاط ایک جیسی ہے۔
معالج متعدی امراض ڈاکٹر سعید خان اور ڈاکٹر اشفاق نے جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے، شہری گھر پر اینٹی بائیوٹکس کا استعمال کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
ماہرین نے کہا کہ ڈینگی کی علامت میں تیز بخار، جسم اور آنکھوں کے پیچھے درد ہے، جبکہ چکن گونیا میں تیز بخار کے ساتھ جوڑوں میں درد شامل ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے ڈائریکٹر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر مشتاق شاہ نے کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ کےلیے جرمنی سے اسپرے منگوایا گیا ہے جو متاثرہ علاقوں میں کیا جارہا ہے، سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی اور چکن گونیا کی فری کٹس دستیاب ہیں۔