• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا طارق جمیل کا بیٹے کی برسی پر جذباتی پیغام

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

معروف عالمِ دین، عالمی شہرت یافتہ اسکالر مولانا طارق جمیل نے اپنے بیٹے عاصم جمیل کی پہلی برسی کے موقع پر ان کی یاد میں جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی جذباتی پوسٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ میرے دل کے ٹکڑے کو ہم سے بچھڑے ایک برس بیت گیا ہے، لیکن آج بھی اس کی یادیں اور اس کی جدائی کا غم تازہ ہے۔

مولانا طارق جمیل نے لکھا ہے کہ آج بھی میرا دل غمگین ہے اور تنہائی کے لمحات میں جب عاصم کا عکس میری آنکھوں کے سامنے آ جائے تو آنسو خود بخود آنکھوں سے رواں ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے لکھا ہے کہ میرا عاجزی پسند بیٹا بظاہر جتنا عام تھا درحقیقت اتنا ہی خاص بھی تھا، مجھے یقین ہے کہ اللّٰہ رب العزت نے بھی اسے بہترین مقام دیا ہو گا۔

مولانا طارق جمیل نے اپنے پیغام کے آخر میں اپنے صاحبزادے کے حق میں مغفرت کی دعا بھی کی ہے۔


اس کے ساتھ ہی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عالمِ دین نے مختصر ویڈیو پیغام بھی شیئر کیا ہے جس میں وہ بیٹے کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ گزشتہ برس اسی دن میں اپنے بیٹے کا جنازہ پڑھا رہا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اسکالر مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔

عاصم جمیل بچپن سے ہی ڈپریشن اور دماغی صحت کے مسائل سے نبرد آزما تھے۔

خاص رپورٹ سے مزید