• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے عاصم جمیل کی خودکشی

میاں چنوں ،(نمائندگان جنگ) معروف عالم دین عالمی شہرت یافتہ سکالر مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے گولی مار کر خودکشی کر لی.

 ڈی ایس پی میاں چنوں محمد سلیم کے مطابق مولانا عاصم جمیل نے اپنےسینے پر گولی مار کر خود کشی کی عاصم جمیل کو تشویشناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا لیکن وہ ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے ڈی ایس میاں چنوں محمد سلیم کا کہ مزید کہنا تھا کہ تا حال مولانا عاصم جمیل کی خود کشی کی وجہ سامنے نہ آسکی ورثا سے رابطہ میں ہیں.

آئی جی پنجاب نے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی۔مولانا طارق جمیل کے ایکس اکاؤنٹ پر بھی واقعے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

ایکس پر کی گئی پوسٹ میں مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے، اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ آپ سب سے گزارش ہےکہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ 

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہےکہ شواہد اور فارنزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔

ادھر نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی،قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم ،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے فرزند کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے .

 انہوں نے مولانا کے فرزند کے انتقال پر دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے، پاکستان تحریک انصاف نے بھی مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے کی رحلت پر گہرے رنج ، دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مرحوم عاصم جمیل کی چھ سال پہلے خانیوال کی ایک معزز فیملی میں شادی ھوئی تھی مگر نباہ نہ ھونے پر دوسال قبل طلاق ھو گئی مرحوم کی کوئی اولاد نہ تھی جبکہ علاقے کے لوگوں کے مطابق وہ ذہنی بیماری کا شکار ر ہے جن کا ھومیو پیتھی علاج بھی ہوتا رہا۔علاقے میں پہلی اطلاع مرحوم کو قتل کئے جانے کی تھی ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عمر فاروق کے مطابق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔مولانا طارق جمیل کے بیٹے کا جب یہ سانحہ رونما ہوا تو مولانا طارق جمیل اسوقت میانوالی میں تبلیغی دورے پر تھے۔

اہم خبریں سے مزید