ڈی چوک احتجاج کے دوران وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کا سامان کے پی ہاؤس اسلام آباد سے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع سی ایم ہاؤس کے مطابق علی امین گنڈاپور کے 2 آئی فون 15 پرو میکس غائب ہوئے ہیں جبکہ دیگر سامان میں ان کا پرس، دستاویزات اور لائسنس یافتہ اسلحہ شامل ہے۔
موبائل گم ہونے سے اہم نمبر بھی چلے گئے جس سے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور پریشان ہیں، انہوں نے میٹنگ میں اراکینِ اسمبلی سے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے فون نمبرز مانگ لیے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختون خوا کے وزیرِ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کے 2 موبائل، دستاویزات اور دیگر سامان کے پی ہاؤس سے آئی جی اسلام آباد لے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کے سامان میں نقدی، کپڑے اور لائسنس یافتہ اسلحہ بھی شامل ہے، کے پی ہاؤس میں وزیرِ اعلیٰ کی گاڑی کے شیشے توڑے گئے جس کی ویڈیو موجود ہے۔
پختون یار کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں پولیس اہلکاروں نے گاڑی کے شیشے توڑے، وہ وزیرِ اعلیٰ کا سامان لے گئے، وزیرِ اعلیٰ کا سامان واپس کیا جائے۔
دوسری جانب مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے معاملے پر ’جیونیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور صوبے کے چیف ایگزیگٹیو ہیں، ان کا سامان فوری واپس کیا جائے، سامان کے پی ہاؤس سے غیر قانونی طور پر غائب کیا گیا۔