بانئ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی نے گزشتہ دو سماعتوں پر بات نہیں کی، بات نہ کرنے کی وجہ سماعتیں مختصر ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی نے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ جانے کی ہدایت کی ہے، آئین و قانون کی بالادستی کے لیے احتجاج جاری رکھیں گے۔
فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے انتظار پنجوتھہ کے اغواء پر تشویش کا اظہار کیا ہے، اڈیالہ جیل آنے والے غیر ملکی وفد کا بانی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
بانئ پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید کہا کہ بانئ پی ٹی آئی کی کسی غیر ملکی وفد سے ملاقات نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ حکومت سے معیشت بھی نہیں سنبھل رہی، آزاد عدلیہ ہی رول آف لاء کی ضامن ہے، عدلیہ آزاد ہوگی تو رول آف لاء قائم ہوسکتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے جیل ملاقاتوں میں رکاوٹ پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کو 30 دن سے اخبارات نہیں دیے جا رہے، ان کو ٹی وی بھی واپس نہیں کیا گیا۔