شیروں کی طاقت، رفتار اور شکار کو اپنی گرفت میں کرنے کی صلاحیت کو جانتے ہوئے بھی افریقی جانور جنگل میں شیروں سے زیادہ انسانوں سے ڈرتے ہیں۔
کینیڈا میں ویسٹرن یونیورسٹی میں تحفظ حیاتیات کے ماہر مائیکل کلینچی نے بتایا کہ افریقا میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ جانور شیروں کے مقابلے میں انسانوں سے زیادہ ڈرتے ہیں حالانکہ جانوروں کو شیروں سے سب سے زیادہ خوفزدہ ہونا چاہیے کیونکہ وہ جانوروں کے سب سے بڑے شکاری ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ عام طور پر جانور بیماری یا بھوک سے جلدی نہیں مرتے لیکن اگر جانور کا شکار کرلیا جائے تو اس کی زندگی فوراََ ختم ہو جاتی ہے اور جانور جتنا بڑا ہوگا اسے شکار کر کے ختم کرنے کے لیے شکاری بھی بڑا چاہیے ہوگا۔
مائیکل کلینچی نے مزید بتایا کہ شیر زمین پر سب سے زیادہ خوفناک شکاری ہے اس لیے جانوروں کو شیر سے زیادہ خوفزدہ ہونا چاہیے اور اسی لیے ہم نے ایک تحقیق کی تاکہ یہ جان سکیں کہ جانور انسانوں سے زیادہ ڈرتے ہیں یا پھر شیروں سے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہم نے تحقیق کے دوران 10 ہزار سے زیادہ جنگلی جانوروں کے رد عمل کو ریکارڈ کیا تو یہ بات سامنے آئی کہ یہ 95 فیصد انسانی آوازوں سے زیادہ ڈرتے ہیں۔