وفاقی اردو یونیورسٹی سائنس و ٹیکنالوجی کو خراب مالی معاملات کے باعث جلسہ تقسیم اسناد کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی نے مالی بحران ہونے کے باوجود رواں مہینے کی 9 تاریخ کو جلسہ تقسیم اسناد منعقد کرنے کا پروگرام بنایا اور وفاقی سیکریٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو بھی شرکت کی دعوت دی۔
تاہم وفاقی سیکریٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے وائس چانسلر پروفیسر ضابطہ خان شنواری کو تحریری طور پر جلسہ تقسیم میں شرکت کرنے سے منع کردیا اور کہا کہ مصروفیات کے باعث جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ جامعہ اردو کی موجودہ مالی حالت جامعہ کو جلسہ تقسیم اسناد منعقد کرنے کی اجازت نہیں دیتی چنانچہ آپ سے کہا جاتا ہے کہ جلسہ تقسیم اسناد ملتوی کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے مالی معاملات انتہائی خراب ہیں، تنخواہیں اور پینشن میں کئی کئی ماہ تاخیر ہو رہی ہے جبک ہاؤس سیلنگ روک دی گئی ہے جس کی وجہ سے اساتذہ اور ملازمین نے کئی روز تک احتجاج اور کلاسوں کا بائیکاٹ بھی کیا۔