• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسنوکر میں ایک اور بڑا اعزاز، محمد آصف عالمی چیمپئن بن گئے، ٹائٹل تیسری بار جیتا

کراچی (شکیل یامین کانگا/ اسٹاف رپورٹر)ٹاپ پاکستانی اسنوکر کھلاڑی محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتےہوئے آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔یہ ان کا چیمپئن شپ کا تیسرا ٹائٹل ہے۔ فائنل میں آصف نے خوبصورت سنچری بریک بھی کھیلا۔ ٹورنامنٹ میں یہ آصف کا چھٹا سنچری بریک تھا۔انہوں نے بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین انفرادی ورلڈ ٹائٹل کا ریکارڈ برابر کردیا ، محمد آصف 3 انفرادی ٹائٹل کے علاوہ 2 ٹیم ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں ۔ آصف کو قطر میں کھیلی جانے والی ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں بطور وائلڈ کارڈ کوالیفائرشامل کیا گیا تھا۔ آصف نے ایرانی کھلاڑی علی غراگوزلوکو بیسٹ آف نائن فریم کے فائنل 5-3سے زیر کیا۔ پہلے فریم میں آصف نے 25-70سے برتری حاصل کی۔ دوسرے فریم میں علی نے کم بیک کیا اور 7 کے مقابلے میں 94 پوائنٹس لے کر مقابلہ برابر کیا۔ تیسرا فریم محمد آصف نے 08-62 کے اسکور سے جیت کر برتری حاصل کی ۔ چوتھے فریم میں آصف نے106 کا کلیئرنس بریک کھیل کر اسکور تین ۔ ایک کیا اور ، پانچویں فریم میں آصف نے 12 ۔ 82 سے کامیابی حاصل برتری 4-1 کردی۔ اس موقع پر ایرانی کھلاڑی کم بیک کرنے کی کوشش کی اور چھٹا اور ساتواں فریم جیتا لیکن آٹھویں فریم میں محمد آصف نے 93 کا بریک کھیل کر فتح اپنے نام کرلی۔ آصف نے 2012 اور 2019 میں بھی چیمپئن شپ جیتی تھی۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے محمد آصف کو چیمپئن شپ جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔

اسپورٹس سے مزید