کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹر نیشنل کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ جمعے کو ایڈیلیڈ اوول میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ بدھ کو قومی ٹیم نے ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ وہ پہلے ون ڈے میں اپنے 8 ویں اوور میں کریمپس کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ اوور مکمل نہیں کرا سکے تھے۔ ٹیم ذرائع کے مطابق نسیم شاہ نے کریمپس سے نجات حاصل کرکے مکمل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا اور بولنگ بھی کی ۔ پہلا ون ڈے انٹر نیشنل دو وکٹ سے جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز سمیت پانچ کھلاڑی مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، مارنوس لبو شین اور اسٹیو اسمتھ تیسرا ون ڈے میچ نہیں کھیلیں گے۔ میچ کیلئے زیوئیر بارلیٹ، اسپینسر جانسن اور جوش فلپس کوآسٹریلوی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ لانس مورس کو میلبرن میں ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ جوش ہیزل ووڈ دوسرے ون ڈے کیلئے دستیاب ہیں لیکن وہ تیسرا میچ نہیں کھیلیں گے۔ جوش انگلس تیسرے میچ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔