کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن چیف طارق بگٹی کا کہنا ہے کہ 2025پاکستان میں عالمی ہاکی مقابلوں کی بحالی کا سال ہوگا، جنگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کئی ملکوں کے ساتھ اس حوالے سے بات ہوئی ہے ۔ چین، جنوبی کوریا، انگلینڈ اور ہالینڈ ہاکی حکام نے ہماری درخواست قبول کرلی ہے، وہ پاکستان میں عالمی ہاکی مقابلوں کی بحالی میں تعاون کیلئے تیار ہیں، بھارت کو بھی سیریز کی پیش کش کی ہے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان بلایا جائے انہیں مکمل سیکیورٹی اور سہولتیں فراہم کی جائینگی ، صدارت سنبھالنے کے بعد سے ملک سے باہر تفریح کیلئے نہیں بلکہ پاکستان ہاکی میں بہتری کیلئے گیا، غیرملکی کوچ کے حق میں نہیں ہوں، پاکستان نے ماضی میں تمام اعزازت اپنے کوچز کی مدد سے جیتے ،سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہوں ، متوازی فیڈریشن بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، یقین ہے کہ حکومت اور نجی اداروں کے تعاون سے جلد مثبت نتائج آنے لگیں گے۔