• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری کی ٹرمپ کو مبارکباد، روس کا گریز، تعلقات کا نیا دور شروع ہوگا، افغانستان

بیجنگ، ماسکو ،کابل (اے ایف پی، جنگ نیوز) عالمی برادری نے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے ،برطانیہ، چین ، بھارت، افغانستان ،سعودی عرب ، ترکیہ، فرانس ، یورپی یونین، آسٹریلیا اور نیٹو نے ٹرمپ کو مبارکباد پیش کی.

 ترکیہ اور افغان طالبان نے کہا ہے کہ امید ہے ڈونلڈ ٹرمپ غزہ اور لبنان میں جارحیت کے خاتمے میں کردار ادا کرینگے، روس کا کہنا ہے کہ صدر پیوٹن کا فی الحال ٹرمپ کو فی الحال مبارکباد دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ،افغانستان میں طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد تعلقات کا نیا دور شروع ہونے کی امیدہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ ہم امریکی عوام کی پسند کا احترام کرتے ہیں اور ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں.

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے نومنتخب امریکی صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ وہ آنے والے سالوں میں ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، روس کے صدارتی دفتر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ نو منتخب امریکی صدر کے اقدامات کو دیکھا جائے گا۔

 صدر ولادیمیر پیوٹن کا ٹرمپ کو مبارکباد دینے کا کوئی امکان نہیں، افغانستان میں طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی کامیابی سے تعلقات کا نیا دور شروع ہونے کا امکان ہے ۔

 افغان حکومت نے ایک بیان میں اُمید ظاہر کی کہ نئی امریکی انتظامیہ حقیقت پسندانہ اقدامات کرے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ٹھوس پیش رفت ہو، ان کے مطابق اماراتِ اسلامی اور امریکا کے درمیان دوحہ معاہدہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں ہی ہوا تھا جس کے بعد 20 سالہ قبضے کا خاتمہ ہوا تھا، بیان میں کہا گیا ہے کہ امید ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ خطے اور دنیا میں جاری موجودہ جنگ بالخصوص غزہ اور لبنان میں جاری "ظلم و جارحیت" کے خاتمے میں تعمیری کردار ادا کریں گے

فرانسیسی صدر ایمانیوئل میکرون نے الیکشن میں فتح حاصل کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہم مزید امن اور خوشحالی کےلئے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں.

 یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ایکس پر پیغام میں دوسری بار صدر منتخب ہونے پر ٹرمپ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ’عالمی معاملات میں ان کی ’طاقت کے ذریعے امن‘ کی سوچ کو سراہتا ہوں۔

اہم خبریں سے مزید