• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انفارمیشن ٹیکنالوجی آج کے دور میں دنیا کے ہر ملک کی ناگزیر ضرورت ہے۔پاکستان کی نئی نسل نے اس شعبے میں بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی مملکت کے تکنیکی انفراسٹرکچر کی توسیع کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ لاکھوں پاکستانی ہنر مند کارکنوں کی ضرورت کا اظہار کیا ہے ۔ ریاض اور دوحہ کے دوروں کے حوالے سے وفاقی کابینہ کو انہوں نے بتایا کہ دونوں خلیجی ریاستوں نے پاکستان کے ساتھ آئی ٹی میں تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ شمسی توانائی، کان کنی اور معدنیات میں بھی ممکنہ شراکت داری پر نتیجہ خیز بات چیت ہوئی اوروزیر اعظم جلد ہی پاکستانی ماہرین کے ساتھ دوبارہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ تین ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کیلئے پرعزم قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی اسی مہینے ایک ٹیم پاکستان بھیجے گی۔امیر قطر نے پاکستان میں ایک آئی ٹی پارک کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے جس سے دوطرفہ تکنیکی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ دوست ملکوں کی جانب سے ملک میں سرمایہ کاری پر یہ آمادگی اس امر کی عکاس ہے کہ پچھلے برسوں میں سیاسی انتشار اور عدم استحکام کی بنا پر پاکستان کے حوالے سے وہ جس بے یقینی کا شکار تھے، وہ کیفیت اب ختم ہوچکی ہے۔ ملک کے موجودہ سیٹ اَپ اور پالیسیوں کے تسلسل کے حوالے سے وہ اب پوری طرح پرُاعتماد ہیں اور ہماری افرادی قوت سے بڑے پیمانے پر استفادے کے علاوہ پاکستان کے اندر مختلف شعبوں میں عملی تعاون کیلئے بھی نتیجہ خیز پیش قدمی کا آغاز کررہے ہیں۔ شدید معاشی بحران اور سیاسی بے یقینی کے بعد یہ اطمینان بخش صورت حال یقینا موجودہ سیاسی و عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں کا لائق تحسین نتیجہ ہے تاہم دہشت گردی کا چیلنج اب بھی موجود ہے اور بلا تعطل بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے کیلئے تمام ممکنہ تدابیر اختیار کرکے اس چیلنج سے کامیابی کے ساتھ نمٹنا ضروری ہے ۔

تازہ ترین