• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کملا ہیرس کی کامیابی کی پیشگوئی کرنیوالے امریکی مؤرخ نے سر پکڑ لیا

فوٹو — اسکرین شاٹ
فوٹو — اسکرین شاٹ

امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد کملا ہیرس کی کامیابی کی پیش گوئی کرنے والے مشہور مورخ ایلن لِچ مین نے سر پکڑ لیا۔

ایلن لِچ مین نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یو ٹیوب پر اپنے بیٹے سیم کے ساتھ 6 گھنٹے طویل ایک لائیو اسٹریم کی جس میں وہ اپنا سر پکڑے بہت پریشان، تھکے ہوئے اور مایوس نظر آ رہے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ جب ڈونلڈ ٹرمپ فتح کے قریب پہنچ گئے تھے تو اسی لمحے میں نے اپنی پیش گوئی کے درست ثابت ہونے کی امید کھو دی تھی۔

ایلن لِچ مین نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ مجھے کل کچھ نہیں کرنا ہے اور مجھے کل کوئی انٹرویو بھی نہیں دینا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ایک بار جمہوریت ختم ہو جائے تو اس کا بحال ہونا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے کیونکہ بحالی کا واحد راستہ جنگیں ہارنے والے ڈکٹیٹر ہیں۔

ایلن لِچ مین کی یہ بات سن کر ان کے بیٹے سیم لِچ مین نے امید ظاہر کی کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مدت پوری کریں گے اور مستقبل میں ان کے ساتھ دوبارہ ہمیں کبھی ڈیل نہیں کرنا پڑے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ میں ابھی تک اپنے دماغ کو یہ نہیں سمجھا سکا کہ لوگ کیسے اس گندگی کو نظر انداز کر سکتے ہیں جو انہوں نے 2020ء میں اقتدار میں آنے کے بعد پھیلائی تھی۔

واضح رہے کہ ایلن لِچ مین نے 1984ء کے بعد ہونے والے تمام امریکی انتخابات کی پیش گوئی کی ہے جن میں سے 2 پیشگوئی غلط ثابت ہوئی ہیں۔

اُنہوں نے پہلی غلط پیش گوئی 2000ء میں کی تھی جب اُنہوں نے کہا تھا کہ ڈیموکریٹک امیدوار ال گور وائٹ ہاؤس جائیں گے۔

اب ایلن لِچ مین نے صدارتی انتخابات 2024ء میں کملا ہیرس کی کامیابی کی پیش گوئی کی تھی جو کہ غلط ثابت ہوئی۔

خاص رپورٹ سے مزید