ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہیں۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا پرانے دوست اور شراکت دار ہیں، ہم ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی تعلقات کے حامل ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے غزہ میں فوری فائر بندی کا مطالبہ کیا ہے، غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی کو فوری بند کرنے کے لیے اقوامِ عالم اپنا کردار ادا کرے، غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نسل کشی کی جنگی جرائم کے تحت تحقیقات ہونی چاہئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم اقوامِ متحدہ کی غزہ کی صورتِ حال سے متعلق رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہیں، ایسے حملوں سے فوری طبی امداد کے طلب گار فلسطینیوں کو امداد کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ ہمیں حریت رہنما یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تحفظات ہیں، ان کے خلاف جعلی کیسز بنائے گئے ہیں، بھارتی انتظامیہ سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔