لاہور میں اسموگ کے پیشِ نظر آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات 11 نومبر سے 17 نومبر تک نافذ العمل رہیں گے۔
پابندی کا اطلاق ڈسٹرکٹ لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ہو گا، خلاف ورزی پر پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہر قسم کے آؤٹ ڈور کھیلوں، نمائشوں اور تقریبات پر پابندی عائد ہے۔
ریسٹورنٹس کی آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی عائد ہے، دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس پابندی سے میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، پیٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز مستثنیٰ ہوں گے، بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز میں صرف گراسریز اور میڈیکل سیکشن کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔