وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ صوابی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانا اپنے امریکی آقاؤں سے وفاداری کا عہد کرنا تھا۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی غلامی کے خلاف جنگ لڑنے والے امریکی جھنڈا اٹھا کر آزادی حاصل کر رہے ہیں، فتنہ اور فتنے کے چیلے یوٹرن لینے کو بہادری سمجھتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ صوابی جلسے کے فلاپ شو کے بعد گنڈا پور اور پارٹی رہنما آپس میں الجھ پڑے ہیں، پارٹی گنڈا پور کو وزیرِ اعلیٰ ماننے کو تیار ہے نہ ان کے احکامات کو سنجیدہ لیتی ہے، تحریکِ انصاف اپنے انجام کی طرف گامزن ہے۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سہولت کاری اور کوچ کی عدم موجودگی پر کوئی پارٹی ڈائریکشن نہیں، فتنہ پارٹی میں سب نے اپنی اپنی ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا لی ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ جو پہلے ہار نہیں مان رہا تھا اب ہر روز این آر او مانگ رہا ہے۔