چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کی کال پر پوری دنیا میں احتجاج نظر آئے گا، احتجاج میں سب لوگ شریک ہوں گے، یہ بانئ پی ٹی آئی کا حکم ہے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کے لیے اعلان کیا ہوا ہے، آج ان سے ملاقات ہو گی۔
بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی باس ہیں، وہ سفارش نہیں حکم دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر رہنماؤں کی گرفتاری کا واقعہ پہلا نہیں ہے، ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں، ہم نے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عدالت کا حکم ہے اس لیے ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں، عدالت کے کسی حکم کو تو مانا نہیں جاتا، کیا کریں عدالتوں میں بارہا جاتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر عدالت سے بھی ریلیف نہ ملے تو پھر کیا کرنا چاہیے؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز بانئ تحریکِ انصاف کی بہن علیمہ خان نے کہا تھا کہ بانئ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں نکلنا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا تھا کہ آپ نے اپنے چوری کیے گئے مینڈیٹ کے لیے نکلنا ہے، بانئ پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے، انہوں نے ایک ایک کارکن کو مخاطب ہو کر یہ کال دی ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانئ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا کہا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ 8 فروری کوعوام جمہوریت کے لیے نکلے تھے، اس روز عوام نے ظلم کے نظام کے خلاف ووٹ دیا تھا۔