پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کے سیاست میں انٹری دینے کی خبروں کی تردید کردی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مشال یوسفزئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے کوئی سیاسی انٹری نہیں دی، سابق خاتون اوّل کی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں۔
مشال یوسفزئی نے کہا کہ بار بار کہہ چکے ہیں کہ بشریٰ بی بی غیر سیاسی خاتون ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوششیں کرنا اہلیہ کا فرض ہے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سیاست میں باضابطہ انٹری دے دی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بشری بی بی نے 13 نومبر کو پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت کو پشاور میں بلا کر میٹنگ کی ہے اور انہیں 24 نومبر کے احتجاج کی حکمت عملی کے احکامات دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بشری بی بی نے 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دی ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بشریٰ بی بی کی سیاسی معاملات پر معاونت کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی یکم نومبر سے پارٹی فیصلوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔