• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کمیونٹی برطانیہ کی مقامی سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے، مقررین

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) برطانیہ میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کو برطانوی معاشرے میں اپنا مقام بنانے کیلئے مقامی سیاست اور سماجی امور میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تاکہ وہ یہاں کی حکومتوں کے بننے اور اپنے مسائل کو حل کرانے کیلئے قوت بن سکیں۔ ان خیالات کا اظہار ساتھ ساتھ کمیونٹی گروپ کی طرف سے منعقد ایک فکری نشست میں مقررین نے کیا۔نشست کا اہتمام سید رضوان الحسن شاہ کاظمی نے کیا تھا۔ اس موقع پرمذہبی رہنما علامہ شاہجہان مدنی نے کہا کہ مسلمانوں کواپنی مذہبی روایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنی حیثیت کو منوانے کیلئے اسلامی روایات، رواداری، اعلی اخلاق اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ ساتھ ساتھ کمیونٹی کے چیئرمین سیداظہرعلی شاہ نے کہاکہ برطانیہ باالخصوص نارتھ ویسٹ اور گریٹر مانچسٹر میں رہنے والے پاکستانیوں کو برطانوی معاشرے میں ہر شعبہ زندگی میں محنت کے ساتھ اپنا مقام بلند کرنا چاہئے۔ انہوں نے حال ہی میں امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں پاکستانی کمیونٹی کی خود کو منوانے کی کاوشوں کو سراہا اور اپیل کی کہ برطانیہ میں بھی پاکستانی اور مسلمان بڑی تعداد میں آباد ہیں، انہیں بھی زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کرنی چاہئے ۔اس موقع پر مہمان خصوصی کونسلرچوہدری شہباز سرور نے کہا کہ ہماری کمیونٹی کو باہمی اتحاد اور اپنے سماجی اور سیاسی مقام کے حصول کیلئے فروعی اختلافات کو ختم کر کے آگے بڑھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے محلوں اپنے شہروں میں فلاحی کاموں کو تیز کرنا چاہئے اور دکھی انسانیت کیلئے جو بھی ممکن ہو کرنا چاہئے۔ سماجی رہنما مظہر انجم نے کہا کہ اپنی نئی نسل کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں معاشرے کا بہترین فرد بنانے کیلئے توجہ دینی چاہئے۔ میاں خان نے کہا کہ ہمیں ہمیں اپنی خاندانی اور پاکستانیت کو بھی اجاگر کرنا چاہئے تاکہ ہماری انے والی نسلیں اپنے وطن پاکستان کے ساتھ بہترین روابط رکھ سکیں۔ اس موقع پر غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے قرارداد پاس کی گئی اور اقوام متحدہ اور تمام مغربی ممالک پر زور دیا گیا کہ فوری جنگ بندی اور امن قائم کرائیں۔آخر میں امت مسلمہ کے اتحاد ،پاکستان کی خوشحالی اور برطانیہ میں رہنے والوں کیلئے دعا کی گئی۔

یورپ سے سے مزید