میکسیکو (جنگ نیوز)2024کا مس یونیورس کا تاج ڈنمارک کی حسینہ نے جیت لیا۔ اس سال مس یونیورس کی 72سالہ تاریخ میں پہلی بار 28سال سے زیادہ عمر کی خواتین بھی شریک ہوئیں۔میکسیکو سٹی میں سالانہ مقابلہ حسن کے فائنل مقابلوں کا انعقاد ہوا جس میں مختلف ممالک کی حسیناؤں نے شرکت کی، مقابلے کا آغاز جمعرات کو ہوا تھا جس کے بعد 120حسیناؤں میں سے 30کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ بعد ازاں پانچ فائنل امیدواروں میں سے ڈنمارک کی 21سالہ ’’وکٹوریہ کجر تھیل ویگ‘‘ کو مس یونیورس 2024قرار دیا گیا، وہ یہ مقابلہ جیتنے والی پہلی ڈینش حسینہ ہیں۔نائیجریا کی چیڈیما ایڈیٹشینا دوسرے، میکسیکو کی ماریا فرنینڈا تیسرے اور تھائی لینڈ کی سچتا چوانگسری چوتھے نمبر پر رہیں۔ وینزویلا کی 28سالہ الیانا مارکیز پیڈروزا (جو ایک ماں بھی ہیں) نے پانچویں پوزیشن حاصل کرکے تاریخ رقم کی جب کہ مالٹا کی بیٹریس نجویا پہلی خاتون بن گئیں جو چالیس سال سے زائد عمر میں گرینڈ فائنل تک پہنچیں۔ مقابلے میں بیلاروس، اریٹیریا اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک نے پہلی بار شرکت کی۔