ویانا(اکرم باجوہ)مسلم لیگ ن نام ہی ترقی اور عوام کی خدمت کرنے کا ہے۔یہ بات مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو جب بھی حکومت ملی پاکستان کے حالات خراب تھے،پھر بھی میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے سیاست قربان کرکے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ پاکستان کی ترقی کا واضح ثبوت اسٹاک ایکسچینج ہے جو 95ہزار پوائنٹس کی سطح کو چھو رہی ہے اور مہنگائی 35فیصد سے کم ہو کر 7فیصد پر آگئی ہے، اب عام لوگوں نے سُکھ کا سانس لینا شروع کر دیا ہے ۔مگر پاکستان کو مزید ترقی دے کر مہنگائی مزید کم کرنا ہوگا خصوصاً بجلی ،پٹرول کے ریٹ کم کرنے سے مہنگائی میں مزید کمی آئے گی ۔انہوں نے بیرسٹر امجد ملک کو پنجاب اوورسیز پاکستانیوں کا نائب چیئرمین نامزدگی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بیرسٹر امجد ملک کی بطور نائب چیئرمین نامزدگی سے اوورسیز کے مسائل میں کمی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ یہ جو انتشار پارٹی پی ٹی آئی ہے ملک دشمنوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو ترقی دینے سے روکتی ہے اور آئے دن اسلام آباد پر چڑھائی اور افراتفری سے ملک کو نقصان پہنچانے پر لگی رہتی ہے، ان کی 24نومبر کی کال پر کوئی محب وطن اور باشعور ان کا ساتھ نہیں دیں گے صرف ناچ گانے اور ملک دشمن یوتھیے وقت گزاری کے لیے آئیں گے۔بانی پی ٹی آئی فوج پر دباؤ ڈال کر این آر او چاہتا ہے، اس کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی ۔سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بیرون ملک پرائیویٹ دوروں اور اپنا چیک اپ کرانے کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں، پی ٹی آئی کو شرمندگی کا سامناہے وہ کہتے تھے کہ دونوں واپس نہیں آئیں گے ۔