نیویارک (عظیم ایم میاں) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے خودکو پاکستانی کمیونٹی کا ’’پرانا دوست‘‘ قرار دیتے ہوئے نیویارک پولیس میں شامل تقریباً 500؍ پاکستانی نژاد پولیس افسران کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات، کارکردگی اور کردار کی تعریف کی۔ وہ 30؍ ہزار افراد پر مشتمل امریکا کی سب سے بڑی پولیس فورس نیویارک پولیس کی تنظیم ’’پاکستان امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی‘‘ (PALS) کے سالانہ ایوارڈز ڈنرکے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ایرک ایڈمز نے بروکلین کے بارو پریذیڈنٹ کی حیثیت سے پاکستانی کمیونٹی سے اپنی سالہا سال کی دوستی یاد دلاتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور ایک قاتل کی گولی سے نوجوان پاکستانی پولیس افسر عدید کی موت کو ’’ڈیتھ آن ڈیوٹی‘‘ کا درجہ دلا کر مرحوم کی خدمات کا اعتراف اور لواحقین کیلئے مقررہ مراعات کا حقدار قرار دینے کا ذکر بھی کیا۔ اس شاندار سالانہ گالا ڈنر میں نیویارک پولیس کے متعدد اعلی افسران اور دیگر افراد کو بھی ایوارڈز دیئے گئے۔ڈنر میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر آتوزئی، صدربائیڈن کے مقرر کردہ امریکی تاریخ کے پہلے مسلمان فیڈرل جج زاہد قریشی، نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کی رکن راج کمار اور دیگر معززین بھی مدعو تھے ۔ اس شاندار ڈنر کا ٹکٹ 175؍ ڈالرز ہونے کے باوجود ہال میں گنجائش ختم ہونے کے باعث لوٹنا پڑا جبکہ گلوکار رفاقت علی خان اور نیویارک پولیس کے افسر محمد علی نے اپنی پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔