آکلینڈ(این این آئی)نیوزی لینڈکے شہر آکلینڈ میں خالصتان کی آزادی کیلئے منعقد ریفرنڈم میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ووٹنگ کا عمل شروع ہونے سے پہلے ہی لوگوں کی طویل قطاریں لگ گئیں تھی جس کے سبب ریفرنڈم کے مقررہ وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کرنا پڑا، خالصتان ریفرنڈم میں شرکت کیلئے دیگر شہروں سے بھی سکھ کمیونٹی کی بڑی تعداد آکلینڈ پہنچی تھی۔ ووٹ ڈالنے کیلئے آئے افراد نے بھارت کیخلاف نعرے بازی بھی کی جبکہ ووٹنگ کیلئے لوگ پرجوش نظر آئے۔انڈی پینڈنٹ پنجاب ریفرنڈم کمیشن کیجانب سے بتایا گیا ہے کہ ریفرنڈم میں37ہزار سے زائد افراد نے حق رائے دہی استعمال کیا، ووٹ ڈالنے کیلئے آئے افراد کو چار چار گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔اس کے علاوہ شرکا سے سکھ فار جسٹس کے کونسل جنرل گرپتونت سنگھ پنوں نے ویڈیو لنک سےخطاب بھی کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے مظالم کے باوجود سکھوں نے تشدد کے بجائے ووٹ کا راستہ اپنایا، ریفرنڈم کا اگلا مرحلہ آئندہ برس 23مارچ کو امریکا کے شہر لاس اینجلس میں ہوگا۔دوسری جانب مبصرین کا ماننا ہے کہ ریفرنڈم سے بھارت اور نیوزی لینڈ کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔