مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا پی ٹی آئی سے بات چیت سے انکار میرے نوٹس میں نہیں۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ابھی تک کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی، ابھی بات نہیں احتجاج ریکارڈ کرنا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ تمام حلقوں میں 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، وزیرِ اعلیٰ کے پی نے منتخب نمائندوں کو اپنےحلقوں میں تیاریاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ موٹر وے پر تمام قافلے جمع ہو کر علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں اسلام آباد جائیں گے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی رہنما زرتاج گل نے کہا کہ جدوجہد کنٹینرز اور پولیس کی وجہ سے نہیں رکتی۔
زرتاج گل نے مزید کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کے کارکنان کے حوصلے بلند ہیں اور جدوجہد جاری رہے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت جھوٹ اور مقدمات کی بنیادوں پر کھڑی ہے۔