وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے باضابطہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ اسپیکر کے گھر وزیراعظم اور اسپیکر کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ باضابطہ بات چیت شروع نہیں ہوئی، غیر رسمی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ بحال نہیں ہوا، کمیٹیوں کے مذاکرات شروع نہیں ہوئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ لوگ پہلے 9 مئی اور 26 نومبر پر شرمندگی کا اظہار تو کریں، ریاست کو بدنام کرنے کے لیے جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ لوگ سیاسی ناکامی سے فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کا اعتبار کون کرے گا؟ ان کی گارنٹی کون دے گا؟
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کو بتایا گیا تھا کہ ڈی چوک پر نہیں آسکتے، اپوزیشن جماعت نے جو کچھ کیا، اُس کے تمام ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے وسائل استعمال کر کے وفاق پر چڑھائی کی جاتی ہے، پی ٹی آئی 26ویں آئینی ترمیم میں آخری منٹ پر اپنی باتوں سے مکر گئی تھی۔