اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے نیکٹا کو ہدایت کی کہ وہ اعلیٰ عدلیہ کے معزز ججز صاحبان کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی محکمہ داخلہ کے تعاون سے نیکٹا میں ایک ڈیسک قائم کرے،وزیر داخلہ نے نیکٹا کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ دہشتگردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کو روکنے کی غرض سے مسافروں کیلئے منی ڈیکلریشن فارم کو ایف آئی اے کے تعاون سے جاری کرنے میں آ سا نی پیداکرے، وزیر داخلہ نے سارک کانفرنس کیلئے سیکورٹی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے نیکٹا کو ہدایت کی کہ وہ سٹیٹ بینک سے مل کر ایک ملین سے لے کر 2.5 ملین کی ٹرانزیکشن کے حوالے سے پالیسی تشکیل دے۔ بدھ کو وزیر داخلہ کی زیر صدا ر ت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، نیشل کوآرڈینیٹر نیکٹا، چیئرمین نیکٹا اور ڈائریکٹر جنرل ایمیگریشن پاسپورٹ نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے۔ ضروری منی ڈی کلریشن فارم میں واضح طور پر سزائوں کا ذکر ہونا چاہئے جس کا ذکر اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں موجود ہے۔ انہوں نے بینکوں اور بڑے پیمانے پررجسٹرڈ منی ٹرانسفر ایجنسیو ںجیسے نجی ادا رو ں کو ہدایت کی کہ 10 لاکھ روپے سے زائد رقم کے لین دین کے متعلق اعدادوشمار اور معلومات کے متعلق ایف آئی اے کے ذریعے اعتماد میں لیا جائے۔ انہوںنے نیکٹا کو ہدایت کی کہ مشکوک اکائو نٹس اور لین دین کی نگرانی کیلئے ایک سنٹر کائونٹر فنانسنگ ڈیجیٹل ڈیٹا بیس قائم کیا جائے۔ ڈیجیٹل ڈیٹا بینک ضرورت پڑنے پر کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو معلومات اور اعدادوشمار فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ منی ٹرانسفر اداروں سے متعلق اعدادوشمار بھی سینٹرل ڈیٹا رجسٹری کو فراہم کیے جائیں جس سے حکام کو مشکوک رقوم کی منتقلی پر کڑی نگاہ رکھنے میں مدد ملے گی۔ کمپیو ٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق پر پیش رفت سے متعلق وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ اس سلسلے میں مہم کے پہلے 20 دنوں میں نادرا نے 19 لاکھ خاندانوں کی تصدیق کی اور 77 لاکھ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ مسترد ہونے کی تصدیق ہوئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 13 لاکھ شہریوں نے ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے خاندان کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ نادرا میں تقریباً 586900 شہریوں کو پیغامات بھیجے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نادرا کو اب تک 36000 اعتراضات وصول ہوئے جن میں سے 13ہزار کی گمنام یا اجنبیوں کی حیثیت سے شناخت ہوئی۔ دریں اثناء برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے چوہدری نثار سے ملاقات کی۔ چوہدری نثارنے نئی برطانوی وزیر اعظم تھریسہ مے کیلئےنیک خوا ہشا ت کا اظہارکیا۔ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات ، سکیورٹی ، انسانی سمگلنگ اور منظم جرائم کی روک تھام سمیت مختلف امور میں جاری دوطرفہ تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کاسکیورٹی ، انسداد منشیا ت اور دہشتگردی سمیت مختلف امور میں اتفاق پاکستان اور برطانیہ کے مفاد میں ہے۔