کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی عوامی خدمات لائق تحسین ہیں، تعلیم وتربیت کا گورنر ہاؤس میں اقدام قابل ستائش ہے، نوجوانوں کو تعلیم فراہم کرکے ان کے قدموں پر کھڑا کرنا نبی پاکؐ کی سنتہے، یہ ایک عبادت ہے جو گورنر ہاوس میں ادا کی جارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے گورنر انیشیٹیو کے تحت جاری آئی ٹی کلاسز میں طلبہ و طالبات سے گفتگو کے دوران کہی۔ اس سے قبل گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے مفتی اعظم مفتی تقی عثمانی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ گورنر سندھ نے خلفاء راشدین کی روایت کو زندہ کر رہے ہیں، گورنر ہاؤس کا ایک دروازہ چوبیس گھنٹے کھلا رہتا ہے جہاں عوام کے مسائل سنے جاتے ہیں۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ گورنر سندھ میرے پاس متعدد بار تشریف لائے اور اپنے کاموں سے آگاہ کیا، انکی انقلابی باتیں سنیں تو یہاں خود آکر دیکھا اور مجھے یہاں مثبت اقدامات نظرآئے۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ گورنر صاحب کی کوشش کو قبول فرمائے۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ میری تمام طلبا سے گزارش ہے کہ اللہ نے بہترین موقع آپ کو تعلیم کا دیا ہے، اس میں نیت کریں کہ ہم کسی کے محتاج نا ہوں، اپنی صلاحیت کو ملک و ملت کے لیے استعمال کرنے کا عزم کریں، رات کو سونے سے قبل اپنا جائزہ لیں کہ کوئی غلطی تو نہیں ہوئی اس پر اللہ سے معافی مانگیں۔قبل ازیں گورنر ہاؤس آمد پر کامران ٹیسوری نے مفتی تقی عثمانی کا استقبال کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کورس کرنے والے بچوں کو جامعہ کراچی اور گوگل سے سرٹیفکیٹ ملے گا، یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں یہ آئی ٹی سے ملک میں پیسہ لیکر آئیں گے۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کچھ لوگ کہا کرتے تھے حکومت میں آکر گورنر ہاؤس کی دیواریں گرادیں گے مگر ہم نے یہاں آئی ٹی سینٹر بنایا جس میں بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔