اسلام آباد (طاہر خلیل /عاطف شیرازی) وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کی کھلی کچہری میں خواتین کی اپنی جائز جائیدادوں کے حصول کے لئے جدوجہد کی دل دہلا دینے والی داستانیں سامنے آگئیں ۔وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے ذاتی طور پر خواتین کی شکایات سنیں، ان کی درخواستیں موقع پر ہی وصول کیں اور انہیں اپنے جائیداد کے حقوق محفوظ کرنے کے لئے رہنمائی اور عملی حل فراہم کئے۔جائیداد کے حقوق محفوظ کرنے کیلئے رہنمائی ملی حل ، وراثتی جائیداد کے حصول کے لیے قانونی معاونت فراہم ،گزشتہ روز وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپا) فوزیہ وقار نے وفاقی دارالحکومت میں خواتین کے جائیداد کے حقوق کے مسائل پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جو "خواتین کے جائیداد کے حقوق کے نفاذ کے قانون 2020” کے تحت منعقد کی گئی۔شکایات زیادہ تر خواتین کے جائیداد کے مسائل پر مرکوز تھیں جن میں جائیداد کے انتقال میں نام شامل نہ ہونا، اپنے جائز حصے سے محروم ہونا، جائیداد پر قبضہ، جائیداد کے ریکارڈ کی عدم دستیابی شامل تھیں جس سے وہ اپنے قانونی حق کا دعویٰ نہیں کر سکتیں۔ اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو مہرین بلوچ نے بھی شکایت کنندگان کو موقع پر ہی رہنمائی فراہم کی۔