• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیکا ایکٹ ترمیمی بل کیخلاف صحافی برادری کا ملک بھر میں احتجاج

اسلام آباد ، اٹک ، کہوٹہ ( نمائندگان جنگ ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر منگل کو ملک بھر میں صحافیوں نے پیکا ایکٹ کے خلاف بھر پور احتجاج کیا ، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ،پولیس نے ڈی چوک میں صحافیوں کو پارلیمنٹ کی طرف بڑھنے سے روک دیا اس موقع پر پولیس نے خار دار تاریں عبور کرنے والے صحافیوں پر ڈنڈے بھی برسائے جس سے متعد د صحافی زخمی ہو گئے ۔ راولپنڈی / اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام میڈیا پر پابندیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں صحافیوں کے علاوہ وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔مظاہرے کی قیادت پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ، ناصر زیدی او ردیگر کر رہے تھے ، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے افضل بٹ نے کہا کہ پیکا ایک کالا قانون ہے جو صحافیوں سے مشاورت کے بجائے طاقت کے زور پر زبردستی لایا گیا ، ہم اسے مسترد کرتے ہیں اور میڈیا کی آزادی کے حق کے لیے آخری حد تک جاہیں گے ،پارلیمنٹ کی جانب جانے والے گیٹ کو پھلانگ سکتے تھے لیکن ہم ابھی اس حد تک نہیں جا رہے، نواز شریف اور آصف زرداری کو کہتے ہیں کہ اپنی جماعتوں کو سمجھائیں کہ اس قانون پر دوبارہ غور کریں اور اپنی رائے بدلیں، انہوں وزیر داخلہ محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیکا کے تحت کل آپ کا چینل بند ہوا تب ہم آپ کے ساتھ تھے آج آپ کدھر گم ہیں آپ کے رویے پر دکھ اور افسوس ہے اگر ہمارے مطالبات منظور نہ ہوے تو یہ تحریک تیز تر ہوگی۔صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی نےکہا کہ ہمارے راستے میں آنے والی ساری رکاوٹیں ریت کی دیوار ثابت ہوں گی پی ایف یو جے کی ہر کال پر ہم لبیک کہیں گے۔ سابق سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ یہ قانون آزادی صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ہم نے اپنے حقوق کےلیے جدوجہد کرنی ہے، انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی شریک چیئرمین منیزے جہانگیر نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میڈیا کی آزادی کا گلہ گھونٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ تین بڑی جماعتیں اس بل پر طاقتور حلقوں کا ساتھ دے رہی ہیں۔ ۔ سیکرٹری نیشنل پریس کلب نئیر علی ،اینکر پرسن عاصمہ شیرازی ، امینڈ کے نمائندے محسن رضا ،جوائنٹ سیکرٹری نیشنل پریس کلب سحرش قریشی، اینکرز ایسوسی ایشن کے نیشنل کوارڈینیٹر امیر عباس،سابق صدر نیشنل پریس کلب انور رضا، سابق صدر ار آئی یوجے عابد عباسی ، عامر سجاد سید ، علی رضا علوی ، شہر یار خان نے بھی خطاب کیا ۔
اہم خبریں سے مزید