کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹر زمان شیخ نے کہا ہے کہ شادیوں اور پارٹیوں میں بوفے طرز کے کھانے موٹاپے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اورمیٹابولک سنڈروم کا باعث بنتا ہے۔ڈاکٹر عائشہ شیخ نے کہا ہے کہ ٹائپ 2 ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے متوازن خوراک، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند وزن کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے گورنر ہاؤس میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تفصیلات کے مطابق ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے گورنر ہاؤس سندھ میںپاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن اور پاکستان اینڈوکرائن سوسائٹی کے زیر اہتمام عوامی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں فیملی فزیشنز، سرسید میڈیکل کالج کراچی کے میڈیکل اسٹوڈنٹس، اور ذیابطیس کے مرض میں مبتلا افراد نے شرکت کی۔ سمینار کا مقصد ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی وبا کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور اس سے بچاؤ کی حکمت عملیوں پر روشنی ڈالنا تھا۔ سیمینار میں ماہر مقررین، پینل ڈسکشنز اور شرکاء کے لیے مفت ہیلتھ اسکریننگ شامل تھی۔سیمینار کا انعقاد پروفیسر زمان شیخ اور ڈاکٹر شبنم نوید نے کیا جس کے مہمان خصوصی سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر طارق رفیع تھےجبکہ پروفیسر اعجاز وہرہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سیمینار سے خطاب میں چیف آرگنائزر اور معروف اینڈو کرائنولوجسٹ پروفیسر زمان شیخ نے نشاندہی کی کہ شادیوں اور پارٹیوں میںبوفے طرز کے کھانے موٹاپے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جو اکثر میٹابولک سنڈروم کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے زیادہ کھانے اور موٹاپے کو روکنے کے لیے بوفے طرز کے کھانے پر پابندی لگانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے شادی کی تقریبات میں ون ڈش کھانے کو دوبارہ متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔