کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج،آئی ایم ایف مشن کےکامیاب دورے اور مثبت معاشی خبروں کی وجہ سے مارکیٹ میں زبردست سرگرمی،کے ایس ای100انڈیکس میں 1782 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ،96 اور 97 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور ، نیا ریکارڈ قائم،54.48 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،سرمایہ کاری مالیت 196 ارب 99 کروڑ88 لاکھ روپے بڑھ گئی،تاہم کاروباری حجم 14.80 فیصد کم رہا،تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف مشن کے کامیاب دورہ پاکستان اور دیگر مثبت معاشی خبروں کی وجہ سے جمعرات کو ٹریدنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا لیکن دوپہر کے وقت منافع کی خاطر فروخت بڑھنے سے مارکیٹ منفی زون میں آگئی اور 100انڈیکس 246 پوائنٹس تک گھٹ گیا۔اس کے بعد ایک بار پھر فرٹیلائزر اور دیگر چند سیکٹرز میں بھاری خریداری سے صورتحال تبدیل ہو ئی اور 100انڈیکس پہلے 96 ہزار پوائنٹس پھر 97 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرتے ہوئے 1891 تک پلس میں چلا گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1781.94 پوائنٹس کے اضافے سے 95546.46 پوائنٹس سے بڑھ کر 97328.40 پوائنٹس پر آکر بند ہوا ۔