پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ کل بلاوائیو میں کھیلا جائے گا، میچ کی تیاریوں کیلئے دونوں ٹیموں نے پریکٹس، فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔
محمد رضوان کی قیادت میں گرین شرٹس نے آسٹریلیا کو اسی کے میدانوں پر ون ڈے سیریز میں دو ایک سے شکست دی۔ اب مقابلہ ہوگا زمبابوے سے جس کی تیاری کےلیے قومی کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔
ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی نگرانی میں قومی کھلاڑیوں نے بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جارہا ہے۔ اس لیے بابر اعظم، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ اسکواڈ کا حصہ نہیں، تینوں کرکٹرز کو آرام دیا گیا ہے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 62 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہیں پاکستان نے 54 اور زمبابوے نے 5 میں فتح حاصل کی، 2 میچوں کا نتیجہ نہیں آیا جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا۔
کوئنز اسپورٹس کلب بلاوایو میں میچ دن ساڑھے 12 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کے تمام میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کئے جائیں گے۔