پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ چار پانچ سو لوگ جمع کرنے سے انقلاب نہیں آتا، تحریک انصاف کو سیاسی رویہ اختیار کرنا چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ 10 ہزار، 5 ہزار عوام لانے کا ٹارگٹ پورا نہیں ہوا۔ پنجاب، بلوچستان، سندھ سے لوگ نہیں نکلے، حکومتی حکمت عملی کامیاب رہی، ریاست سے نہیں لڑا جا سکتا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ عدم اعتماد سے نکلے تھے، ہر چیز میں ناکام ہوئے۔ 26ویں آئینی ترمیم میں بھی یہ ناکام ہوئے، فائنل کال میں بھی چند سو لوگ نکلے۔ سیاست کیلئے سیاسی رویہ چاہیے، ان کا رویہ سیاسی نہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کوئی جماعت ان کے ساتھ نہیں کھڑی، ان کے اپنے لوگ متفق نہیں، سزا یافتہ آدمی کو چھوڑنے کےلیے بغاوت کر رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ بشریٰ بی بی سیاست میں اناڑی ہیں۔