پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رینجرز اہلکاروں کے حادثے میں پارٹی کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کوئی آدمی رینجرز اہلکاروں کے حادثے میں ملوث نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے اس میں شامل افراد کو سزا ملنی چاہیے، یہ ہمارے بچے اور محافظ تھے ان کا احترام لازم ہے۔
یاد رہے کہ دھرنے کے مقام سے ایک تیز رفتار گاڑی آئی جو رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو مار کر آگے نکل گئی، واقعے میں 3 جوان شہید اور 3 زخمی ہوئے جبکہ اسلام آباد پولیس کے 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
اس معاملے پر ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے بیان سامنے آئے ہیں، جن کے مطابق گاڑی نے جوانوں کو نشانہ بنایا اس کی لائٹس بھی بند تھیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت سزا دی جائے گی۔
سوشل میڈیا میں اس سلسلے میں گمراہ کن پروپیگنڈا کر کے حقائق کو چھپانے کی مذموم کوشش کی گئی۔
سی سی ٹی وی اور رینجرز اہلکاروں کے بیانات آنے کے بعد جھوٹ اور فیک نیوز پھیلانے والے عناصر بے نقاب ہو گئے۔