اسلام آباد میں گزشتہ روز شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں اہلکار گزشتہ روز جاری ایک احتجاج کے دوران شہید ہوئے تھے۔
نماز جنازہ میں وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مذموم مقاصد کے حصول کیلئے کسی افراتفری اور خونریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، تشدد کی یہ کارروائیاں ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہیں، پوری قوم رینجرز کے شہید سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رینجرز کے شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو بھجوا دی گئی ہیں۔
شہداء کو آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے بھی پولیس اور رینجرز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ فسادی اور شرپسند سیاسی تاریخ کا خونی باب لکھ رہے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈز آج بھی ریاست پر حملہ آور ہیں، رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھانا ریاست دشمن ٹولے کے مشن کا حصہ ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام آباد میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا دہشتگردی ہے، حملوں میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے شہید رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیا تحریک انصاف کی قیادت ایک اور 9 مئی چاہتی ہے؟
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ شرپسندوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ناقابل معافی حملہ کیا۔