• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمبابوے سے پہلے ون ڈے میں شکست کے بعد گزشتہ روز دوسرے ون ڈے مقابلے میں قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کودس وکٹوں سے شکست دے کر تمام پاکستانیوں کیلئے جشن مسرت کا سامان کردیا۔یوں تین میچوں کی سیریز برابر ہوگئی اور اب سیریز جیتنے کا سہرا جمعے کو تیسرے ون ڈے میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کے سر سجے گا۔بلاوایو میں کھیلے گئے اس میچ میں زمبابوے نے پاکستان ٹیم کو جیت کیلئے 146 رنز کا ہدف دیا جو گرین شرٹس نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 113 رنز بنائے، انکی اننگز میں 17 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ عبداللّہ شفیق نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔اس سے قبل پاکستانی بولرز نے میچ میں اچھا آغاز کرتے ہوئے زمبابوے کے دونوں اوپنرز کو 23 رنز پر پویلین لوٹا دیا۔زمبابوے کے بیٹر ڈیون مائیرز نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے جبکہ شان ولیمز نے 31 اور کپتان کریگ ایروین نے 18 رنز اسکور کیے۔جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے صائم ایوب کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں میں پوری پاکستانی قوم کے دل نہایت شدت سے اپنی ٹیم کی اچھی کارکردگی اور شاندار فتح کے آرزومند ہوتے ہیں جبکہ غیرمعیاری کارکردگی اور شکست انہیں سخت بے مزہ کرنے کا سبب بنتی ہے۔تاہم کرکٹ اتفاقات کا کھیل ہے جس میں ہار بھی ہوتی ہے اور جیت بھی جبکہ اچھی ٹیم وہ ہوتی ہے جو ہار جیت سے قطع نظر کھیل کے تمام شعبوں میں مستقل بنیادوں پر معیاری کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ اس حقیقت سے صرفِ نظر نہیں کیا جاسکتا کہ ہماری قومی ٹیم اس کسوٹی پر پورا نہیں اترتی، اس کی کارکردگی میں بڑے غیر متوقع اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لہٰذا صورت حال کو پائیدار بنیادوں پر بہتر بنانے کیلئے قومی کرکٹ کے منتظمین کو تمام مطلوبہ اور ضروری سہولتوں اور اقدامات کا اہتمام کرنا ہوگا۔

تازہ ترین