پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ اور ’جیو فلمز‘ کی پیشکش ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ کے رائٹر ناصر ادیب نے بتایا ہے کہ معین اختر نبض شناس انسان تھے، بھارت میں دلیپ کمار اور راج کمار کی صلح کروانے کے لیے معین کو بلایا گیا۔
پاکستانی لیجنڈری اداکار معین اختر کے مداح صرف پاکستان میں ہی نہیں ہیں بلکہ بھارت میں بھی انہیں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔
حال ہی میں اسکرین رائٹر ناصر ادیب نے نجی چینل کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور مختلف امور پر بات چیت کی۔
انہوں نے دورانِ انٹرویو ماضی کی یادیں تازہ کیں اور معین اختر کا دلچسپ قصہ سنایا کہ کس طرح انہوں نے 2 بھارتی لیجنڈری اداکاروں دلیپ کمار اور راج کمار کے درمیان صلح کروائی۔
انہوں نے بتایا کہ جب معین اختر کی شہرت بھارت پہنچی تو کام کے سلسلے میں بھارتی شوبز انڈسٹری کی جانب سے معین اختر سے رابطہ کیا گیا، ورنہ معین نے خود کبھی بھارت جانے کا نہیں سوچا تھا لیکن جب کام کے لیے بلایا گیا تو وہ وہاں گئے۔
مصنف نے بتایا کہ دبئی میں ایک پروگرام ہونا تھا جس میں دلیپ کمار اور راج کمار پرفارم کر رہے تھے لیکن ان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا تھا، دونوں بھارتی لیجنڈری فنکار ایک دوسرے کو بڑا ایکٹر نہیں مانتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پروڈیوسرز چاہتے تھے کہ ان دونوں فنکاروں میں صلح معین اختر کروائیں۔
ناصر ادیب کے مطابق معین انسانی نفسیات سمجھنے میں مہارت رکھتے تھے، اس لیے وہ فوراً سمجھ گئے کہ کون کہاں غلط ہے اور انہوں نے ان دونوں کو اس بات کا احساس دلایا، یہ ان دونوں اداکاروں کی عظمت تھی کہ انہوں نے اپنی غلطیاں تسلیم کیں اور صلح کر لی۔
اسکرین رائٹر نے بتایا کہ معین اختر نے ان اداکاروں کی صلح کروائی جو کوئی بڑے سے بڑا بھارتی پروڈیوسر یا فلم ساز نہیں کرا سکا تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لڑائی کروانا سب سے آسان کام ہے، لیکن صلح کروانا ایک عظیم انسان کی نشانی ہے۔