• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے استعفیٰ واپس لے لیا


سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجہ نے خود پر ہونے والی تنقید کی وجہ سے استعفیٰ دیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ سلمان اکرم راجہ چاہتے تھے کہ احتجاج میں ناکامی کی ذمہ داری ان پر نہ ڈالی جائے۔ پارٹی رہنماؤں نے مرکزی قیادت کو احتجاج ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سلمان اکرم راجہ نے سیکریٹری جنرل تحریک انصاف کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ نے استعفیٰ ذاتی وجوہات پر دیا۔

خیال رہے کہ سلمان اکرم راجہ کا استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب 24 نومبر کے تحریک انصاف کے احتجاج کے بعد پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے رہنما شوکت یوسفزئی نے پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت پر سوال اٹھا دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ڈی چوک واقعے پر بہت افسوس ہوا، پی ٹی آئی پنجاب کی لیڈرشپ کہاں غائب تھی؟ پارٹی بشریٰ بی بی چلائیں گی یا لیڈرشپ چلائے گی؟ پارٹی لیڈرشپ کے پاس اتنا اختیار نہیں تو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

شوکت یوسفزئی کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ تحریک انصاف کی تاریخ میں کل کا دن بھی بد ترین رہا۔

سلمان اکرم راجہ نے یہ بھی کہا تھا کہ لوگ پوچھتے ہیں ہم کیوں نہیں پہنچ سکے، ہم لاہور میں احتجاج کر رہے تھے۔ ہمارے لیے تمام راستے بند تھے، کس طرح پہنچتے۔ پورے لاہور کو قید خانہ بنایا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید