پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کا دن جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔
سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر صوبے کے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شرکاء سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے شرکت کر رہے ہیں۔
ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو منائے جانے والے سندھی یوم ثقافت کو سندھ کے باسی عید کے تہوار کی طرح مناتے ہیں، اس سلسلے میں آج بھی ہر کوئی سندھ کے روایتی رنگوں میں رنگا ہوا ہے۔
سندھی ٹوپی اور اجرک زیب تن کیے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ اس دن کو بھرپور انداز سے منایا جا رہا ہے، مختلف تقریبات میں سندھی ثقافتی ٹیبلو پیش کر کے یا علاقائی گیتوں پر والہانہ جھوم کر اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
سندھ کے باسیوں کا اس موقع پر کہنا ہے کہ یوم ثقافت منانے کا مقصد سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرکے اس بات کا اظہار کرنا ہے کہ سندھ محبت اور امن کی سر زمین ہے۔
اوباڑو میں سندھ کی شاندار ثقافت کو اجاگر کے لیے نمائش کا اہتمام کیا گیا اور ٹیبلوز پیش کیے گئے۔
نمائش میں اجرک، رل، روایتی مٹی کے برتنوں سمیت دستکاری کی خوبصورت رکھی گئی ہے۔
تقریب کے منتظمین کا کہنا تھا کہ اس نمائش کا مقصد سندھی کلچر کو اجاگر کرنا اور کئی سال پہلے گھروں میں استعمال ہونے والی چیزوں کو دوبارہ استعمال میں لانا ہے۔
نمائش میں آنے والے طلباء اور شہریوں نے سندھی ثقافتی دن کے موقع پر نمائشی کو خوب سراہا۔