• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت اور سری لنکا میں سمندری طوفان فینگال نے تباہی مچادی، 19 افراد ہلاک

کراچی(نیوزڈیسک)بھارت اور سری لنکا میں سمندری طوفان فینگال سے19افراد ہلاک ہوگئے اور طوفان بھارت کے جنوبی ساحلی علاقے خلیج بنگال سے گزرنے کے بعد ریاست تامل ناڈو اور پڈوچیری کے علاقے میں سیلاب کا باعث بن گیا۔گرد آلود طوفان اور شدید بارش دیکھا گیا ہے، جس کی وجہ سے سڑکیں مکمل طور پر ڈوب گئی ہیں خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات کے عہدے داروں نے بتایا کہ پڈو چیری میں 24گھنٹوں تک بارش ہوئی جو گزشتہ30برس کا ریکارڈ ہے۔ بھارت کی ایئرپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ طوفان کی وجہ سے جنوبی شہر چنائی سیلاب میں ڈوب گیا اور شہر سے پروازوں کا سلسلہ عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا تاہم اتوار کی صبح دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کیلئے امدادی کارکنوں کی جانب سے کشتیاں چلائی جا رہی ہیں۔ بھارتی حکام نے بتایا کہ چنائی میں بارش کا سلسلہ کم ہوا ہے اور فوج نے پڈوچیری میں طوفان سے متاثرہ شہریوں کے لیے ریلیف کا کام شروع کردیا ہے۔ ادھر سری لنکا میں بھی طوفان فینگال نے تباہی مچادی ہے اور 16 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کولمبو میں ڈیزاسٹرمنیجمنٹ سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق شدید بارش سے ایک لاکھ 38 ہزار 944 خاندان متاثر ہوگئے ہیں۔

دنیا بھر سے سے مزید