بالی ووڈ اداکار شاہد کپور نے اس وقت کو یاد کیا جب وہ کرائے کے مکان میں والدہ نیلما عظیم کے ساتھ رہا کرتے تھے۔ انکا کہنا تھا کہ انکی خود داری انھیں والد سے بات کی اجازت نہیں دیتی تھی۔
صحافی فائے ڈیسوزا سے انکے یوٹیوب چینل پر ایک حالیہ انٹرویو میں 43 سالہ شاہد کپور نے اپنے کیریئر، خاندان اور دیگر معاملات پر تفصیل سے گفتگو کی۔
انکا کہنا تھا کہ انھیں خود پر اتنا بھروسہ اور اتنی خود داری تھی کہ اپنے والد پنکج کپور سے کبھی مدد کےلیے بات بھی نہیں کی۔
انھوں نے اپنے کیریئر کی ابتدا اور انڈسٹری میں ابتدائی سالوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھیں معلوم تھا کہ انکے والد کے یہاں پر لوگوں سے اچھے تعلقات ہیں لیکن میں تین برس کی عمر سے جب والدین کی علحیدگی ہوئی تو والدہ کے ساتھ تھا۔
چھوٹا بھائی ایشان میری والدہ کی دوسری شادی کے بعد پیدا ہوا، اسوقت میری عمر 14 برس تھی، والدہ نے نومولود بھائی کی دیکھ بھال کےلیے کام کرنا ترک کر دیا اور ہمیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میں کام تلاش کرنے لگا، ایسا نہیں تھا کہ والدہ ایک فون کرتیں اور مجھے کوئی ملازمت مل جاتی۔ وہ دوبارہ سے خود ہی کسی کام کی تلاش میں تھیں جو کہ اتنا آسان نہیں تھا۔
میں والد کے زیادہ قریب نہیں تھا کہ میں ان سے کوئی مدد مانگوں، حالانکہ وہ ہمیشہ میری مدد اور رہنمائی کےلیے موجود رہتے تھے مگر اس سے میں پہلو تہی کرتا اور کوشش تھی کہ خود کچھ کروں۔
یاد رہے کہ شاہد نے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز سبھاش گھئی کی 1999 کی فلم تال میں بطور ڈانسر کیا جسکے چار برس بعد 2003 کی فلم عشق وشق میں لیڈ رول کر کے فلم فیئر بیسٹ میل ڈیبیو ایوارڈ برائے پرفارمنس جیتا۔