پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور میزبان فہد مصطفیٰ نے برطانوی پارلیمنٹ کے دونوں ہاؤسز سے اہم اعزاز اپنے نام کر لیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے پوسٹ شیئر کر کے اپنی کامبابی سے متعلق پرستاروں کو آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ایواڈز کے ساتھ تصویر اور مختصر ویڈیو بھی شئیر کی ہے۔
ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب بیک وقت کسی فنکار کو برطانوی پارلیمنٹ کے دونوں ہاؤسز کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کیپشن میں لکھا ہے کہ ہماری کہانیاں واقعی اہم ہیں، یہ کامیابی صرف میری نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کے ہر فنکار، ہر خواب دیکھنے والے اور ہر کہانی کار کی ہے جو بڑے خواب دیکھنے اور حدیں پار کرنے کی ہمت رکھتا ہے یہ ہماری ثقافت کی طاقت، ہماری کہانیوں اور اتحاد کے غیر متزلزل جذبے کا ثبوت ہے جو ہمیں عالمی سطح پر پہچان دلاتا ہے۔
اداکار کا کہنا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر و عاجزی محسوس کر رہا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں ہاؤس آف کامنز میں ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ اور گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
فہد مصظفیٰ نے اس تجربے کو ناقابلِ یقین اور ناقابلِ فراموش قرار دیا اور برطانوی ممبر پارلیمنٹ محترم ناز شاہ، دی رائٹ آنرایبل لارڈ واجد خان اور ملٹی کلچرل یو کے کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔