• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی کوریا: مارشل لاء پر آرمی چیف کی استعفے کی پیشکش

پارک آن سو — آرمی چیف
 پارک آن سو — آرمی چیف

جنوبی کوریا کے آرمی چیف نے استعفیٰ دینے کی پیشکش کر دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اس سے قبل مارشل لاء کی کوشش کے معاملے پر جنوبی کوریا کے وزیرِ دفاع پہلے ہی استعفیٰ دے چکے ہیں۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے آرمی چیف پارک آن سو نے ماشل لاء کی کوشش کے معاملے پر استعفیٰ دینے کی پیشکش کی ہے، پارک جنوبی کوریا کے ماشل لاء ایڈمنسٹریٹر تھے مگر انہوں نے آج پارلیمنٹ کو بتایا کہ ان کا صدر کے مارشل لاء نافذ کرنے کے اعلان سے معمولی سا تعلق تھا۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آرمی چیف پارک آن سو کا کہنا ہے کہ ہم فوج کے پیشہ ورانہ کاموں میں ماہر ہیں اور مارشل لاء (فوجی حکومت) میں ماہر نہیں ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ممکنہ طور پر صدر کو مارشل لاء لگانے کی تجویز دینے والے کوریا کے وزیرِ دفاع کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا گیا ہے، جس کے بعد ان پر ملک چھوڑ نے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے سابق وزیرِ دفاع نے پارلیمنٹ پر فوجیوں کی تعیناتی کا حکم دیا تھا۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں صدر کے مارشل لاء کے نفاذ اور اس کی معطلی کے معاملے میں پراسیکیوٹرز نے صدر، وزیر داخلہ اور سابق وزیرِ دفاع سے مارشل لاء کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے صدر نے 2 روز قبل ملک میں مارشل لاء نافذ کر دیا تھا مگر اسی روز پارلیمنٹ کی جانب سے مارشل لاء کے خلاف ووٹ دیے جانے پر انہوں نے مارشل لاء اٹھانے کا اعلان کر دیا تھا۔

ملک میں مارشل لاء کے ختم ہونے کے بعد جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ نے صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک جمع کرائی تھی، جس پر ہفتے کو ووٹنگ ہو گی۔

صدر کے مواخذے کے لیے 300 رکنی ایوان میں 200 ارکان کی حمایت درکار ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید