• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بنگلادیش میں 12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق اب کوئی سیاسی جماعت یا امیدوار انتخابی سرگرمی نہیں کر سکیں گے۔

12 فروری کو پولنگ صبح ساڑھے 7 بجے سے شام ساڑھے 4 بجے تک جاری رہے گی۔

انتخابی مہم کے دوران بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP)، جماعتِ اسلامی اور نیشنل سٹیزن پارٹی (NCP) سمیت بڑی جماعتوں نے دارالحکومت ڈھاکا، چٹا گانگ، سلہٹ اور ملک کے دیگر شہروں میں بڑی ریلیاں نکالیں۔

بنگلادیش حکام نے دارالحکومت ڈھاکا سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا ہے کہ ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 77 لاکھ 11 ہزار 793 ہے، جن میں مردوں کی تعداد 6 کروڑ 48  لاکھ 80 ہزار اور خواتین کی تعداد 6 کروڑ 28 لاکھ سے زائد ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ 45 لاکھ 70 ہزار افراد پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔

عام انتخابات میں 2 ہزار 34 امیدوار میدان میں ہیں جبکے 51 سیاسی جماعتوں کے1 ہزار 759 امیدوار اور 275 آزاد امیدوار شامل ہیں۔

انتخابات میں پوسٹل بیلٹس کے ذریعے 13 لاکھ 50 ہزار ووٹ کاسٹ کیے جائیں گے۔

بنگلادیشی حکام نے مزید بتایا ہے کہ سفید بیلٹ قومی اسمبلی کے لیے اور گلابی بیلٹ ریفرنڈم کے لیے ہو گا جبکہ ملک بھر میں 42 ہزار 768 پولنگ اسٹیشنز قائم کیےگئے ہیں۔

انتخابات میں سیکیورٹی کے لیے فوج، پولیس سمیت 10 لاکھ اہلکار تعینات ہوں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید