پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا ہے کہ طلباء تنطیم نے جھوٹا الزام لگایا کہ موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں ملوث طلباء تنظیم کے کارکنوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق عینی شاہدین اور فوٹیجز کی مدد سے حملے میں ملوث تنظیم کے 11 کارکنوں کی شناخت کی گئی ہے جبکہ 30 نامعلوم کارکنوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق نامزد کارکنان کے خلاف قانونی کارروائی کےلیے ڈسپلنری کمیٹی کو خط بھیج دیا گیا ہے، ایف آئی آر میں پی سی ڈھابے کا ذکر سنی ہوئی بات پر ہے جس پر تفتیش ہونا باقی ہے۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق طلبا تنظیم نے جھوٹا الزام لگایا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی، طالبعلم کے جاں بحق ہونے سے متعلق دروغ گوئی کی۔
ترجمان کے مطابق طلبا تنظیم نے افواہیں پھیلا کر یونیورسٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، کسی دباؤ میں آئے بغیر بلا امتیاز واقعے میں ملوث طلبا کے خلاف کارروائی کریں گے۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق کیمپس میں غندہ گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔