پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی ادائیگیاں تاحال نہیں ہوسکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ویمن ٹیم کی بیشتر کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ پر تاحال دستخط نہیں کیے، جس کی وجہ سے ادائیگیوں میں تاخیر ہوئی ہے۔
پی سی بی نے نومبر کے وسط میں 16 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا تھا، جس میں رواں سال کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے کم کرکے 16 کی گئی۔
اس سال کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ میں رد و بدل کیا گیا، اُن کو 25-2024ء کےلیے ایک سال کا نیا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔
رواں سال پی سی بی نے بجٹ 25-2024ء کی منظوری کے موقع پر ویمن ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم پی سی بی نے ازسر نو جائزہ لینے کے بعد نئے سینٹرل کنٹریکٹ گزشتہ سال کے کنٹریکٹ کے حساب سے دیے۔
ذرائع کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کےلیے اعلان کردہ اضافہ شامل نہیں۔
دوسری جانب سینٹرل کنٹریکٹ کی ادائیگیوں میں تاخیر پر ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ نئے اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹس پر ابھی تک تمام کھلاڑیوں نے دستخط نہیں کیے۔
دستخط ہونے کے بعد جولائی سے اب تک تمام کھلاڑیوں کو ادائیگیاں کر دی جائیں گی، گزشتہ برس کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کی مختلف کیٹیگریز میں 32 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا۔
ون ڈے میچ فیس میں 100 فیصد اور ٹی ٹوئنٹی کی میچ فیس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔