آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ کی ہدایت پر سندھ حکومت نے ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ سینٹرز پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ڈاکٹر آصف شیخ نے بتایا کہ ٹیسٹ کی تمام تیاریاں مکمل ہیں، کمشنرز کی نگرانی میں مانٹیرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس مراکز پر موجود ہوں گی، خود کراچی میں ہونے والے دو ٹیسٹ مراکز پر موجود رہوں گا۔
آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی میں اسٹاف ٹاؤن گیٹ، مسکن گیٹ اور میٹرو ول گیٹ (گلشن کنیز فاطمہ) سے امیدواروں کی آمد و رفت ہو گی جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی کے ٹیسٹ مرکز سے خواتین کے لیے وزیٹرز گیٹ رکھا گیا ہے اور مرد امیدواروں کے لیے مین گیٹ رکھا گیا ہے۔
ڈاکٹر آصف شیخ نے کہا کہ امتحانی پرچے خود میری نگرانی میں تیار ہوئے ہیں، پرچوں کا سیل بنڈل صبح ساڑھے 8 بجے جامعہ این ای ڈی میں صحافیوں کی موجودگی میں کھولا جائے گا جبکہ امیدواروں کی آمد صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کل 38683 امیدوار ٹیسٹ میں شریک ہوں گے جن میں جامعہ این ای ڈی میں 6400، جامعہ کراچی میں 6449، حیدرآباد میں 6404، جامشورو میں 6254، نوابشاہ میں 2786، لاڑکانہ میں 4802 اور سکھر میں 5586 امیدوار شریک ہوں گے۔
ڈاکٹر آصف شیخ نے یہ بھی بتایا کہ ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ کے انعقاد میں غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایف آئی اے، صوبائی محکمۂ صحت اور پی ایم اینڈ ڈی سی سے مدد مانگ لی ہے، تینوں اداروں کو علیحدہ علیحدہ خطوط لکھے گئے ہیں۔